عوام نے ساتھ دیا تو حکمرانوں کے گریبان پکڑ کر لوٹی دولت واپس لائینگے:سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں اگر عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو حکمرانوں کے گریبان پکڑ کر لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے، سندھ میں سڑکیں راستے ٹوٹ پھوٹ اور سکول ویران ہیں عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کی بجائے ارکان اسمبلی اور وڈیروں کی جیبوں میں جارہاہے، الیکشن کمشن کو بلدیاتی انتخابات سے قبل سندھ میں غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کا نوٹس لینا چاہئے، عوامی مفاد کی بجائے وڈیروں اور بیوروکریسی کی ملی بھگت سے بننے والی حلقہ بندیا ں عوام قبول نہیں کریں گے، کراچی میں صفورا چورنگی کا افسوس ناک سانحہ پرپوری قوم رنجیدہ ہے،آپریشن کے باوجود کراچی میں دہشتگردی کا حالیہ واقعہ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اب سندھ حکومت سمیت تمام اداروں کا امتحان ہے کہ وہ کب اس واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچاتے ہیں، یہاں قانون صرف غریب آدمی کیلئے ہے، غریبوں کیلئے ایک تو امیروں کیلئے الگ قانون ہے، جب تک امیر اور غریب کی تفریق ختم اور قانون سب کیلئے برابر نہیں ہوتا ملک میں ترقی اور عوام کی قسمت تبدیل نہیں ہوگی، وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل اس گلے سڑے نظام کیخلاف بغاوت کا اعلان کرے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ العلوم الاسلامیہ منصورہ ہالا میں سالانہ ختم بخاری شریف ودستار بندی کی تقریب سے خطاب اور ہالا پریس کلب کے نمائندہ وفد سے بات چیت میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ دینی مدارس علم کے سرچشمے ہیں، عالم کفر ایٹم بم سے بھی زیادہ دینی مدارس سے ڈرتا ہے۔ پرویز رشید کا دینی مدارس کیخلاف بیان افسوس ناک وشرمناک عمل ہے۔ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے اگر حکومتی موقف یہی ہے تو پھر یہ دینی مدارس کیخلاف کھلی جنگ ہے۔
سراج الحق