زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ہو گا یا نہیں‘ مشاورت جاری‘ حتمی فیصلہ آج ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سانحہ کراچی کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورئہ پاکستان بھی کھٹائی میں پڑگیا ہے۔ زمبابوے حکومت نے اپنے کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے ابتدائی طور پر اپنی ٹیم کو پاکستان جانے سے روک دیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ لاہور میں مہمان ٹیم کی سکیورٹی سمیت سیریز کے تمام اقدامات مکمل کررکھے ہیں لہٰذا وہ اپنی حکومت کو دورہ کیلئے قائل کرے۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے آج تک کی مہلت مانگ لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذمہ دار ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ ابھی منسوخ نہیں ہوگا۔ اس بات کا فیصلہ آج جمعہ کو ہوگا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش میں ہے اگر ان کی حکومت نے آج اجازت دیدی تو دورہ ضرور ہوگا ورنہ ہماری کوشش ہوگی کہ دونوں بورڈ مشاورت کے ساتھ نئے شیڈول پر راضی ہوجائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت سے اجازت نہ ملنے پر دورہ پاکستان کو منسوخ کردیا تھا جس کے چند منٹ بعد ہی بیان واپس لیتے ہوئے نیا بیان جاری کیا کہ ابھی حکومت اور زمبابوے کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پا رہے ہیں۔ دورہ کو منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے 19 مئی کو 2 ہفتے کے دورہ پر لاہور آنا ہے جس میں 2 ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سیریز کے تمام اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ نے برداشت کرنے تھے جبکہ اس دورہ کے عوض پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو 5 لاکھ ڈالر بھی دینے تھے۔ آئی این پی کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ولسن موناسے نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو فون کرکے کہا ہے کہ دورئہ پاکستان منسوخ نہیں کیا، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ (آج) جمعہ کو کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان سے کرکٹ سیریز پر بھارت بھی تیور بدلنے لگا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے سیریز پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔