(ق) لیگ نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) (ق) لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافہ کرنے کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہے۔ قرارداد رکن صوبائی اسمبلی ثمینہ خاور حیات کی طرف سے جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا کہ اضافہ 50 فیصد تک ہونا چاہئیے تاہم کمزور معیشت 15 فیصد کا بوجھ اٹھا سکتی ہے۔ (ق) لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے بھی ایک قرارداد جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کا ایوان وفاقی حکومت سے جی ایس ٹی میں اضافہ واپس لینے کی سفارش کرے۔ دریں اثناء(ق) لیگ شعبہ خواتین لاہور کی صدر سابق رکن اسمبلی آمنہ الفت نے پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پر ایپکا کے احتجاج میں شرکت کی اور ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ملازمین کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
(ق) لیگ / قرارداد