جعلی ڈگری کیس، سابق وفاقی وزیر غلام سرور کی عبوری ضمانت میں 24جون تک توسیع

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر غلام سرور کی جعلی ڈگری کیس میں عبوری ضمانت میں 24 جون تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے اور فریقین کے وکلا کو بحث کرنےکا حکم دے دیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو غلام سرور خان کی جانب سے بتایا گیا جعلی ڈگری کا مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ان کو محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عدالت میں تفتیشی افسر نے بتایا جعلی ڈگری ثابت ہونے پر الیکشن کمشن کی درخواست پر غلام سرور کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملہ کی ابھی تفتیش جاری ہے۔