منی لانڈرنگ کے 3 ملزموں کی درخواست ضمانت خارج، فرار کی کوشش نا کام
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ میں ملوث 3 ملزموں کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ ایف آئی اے نے ملزموں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد نے ملزم رفیق سپرا، ناصر محمود، نیاز احمد کی ضمانت کی درخواستیں خارج کیں۔ ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کا بے بنیاد جھوٹا الزام عائد کیا ہے، ملزم مقدمہ میں شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں مگر ایف آئی اے گرفتار کرنا چاہتی ہے، درخواستگزاروں کے وکیل نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ ملزموں کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ ایف آئی اے کے تفیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزموں پر ساڑھے 7 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ ملزموں کے قبضہ سے رقم بھی برآمد ہو چکی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ عدالتی حکم کے بعد ایف آئی اے نے ملزموں کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔