’’لاڈلے بچے‘‘ عمران کی ضد پر جوڈیشل کمشن بنایا، پنڈوراباکس کھل جائیگا: سعد رفیق

لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ’’لاڈلے بچے‘‘ عمران خان کی ضد پوری کر نے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا ہے مگر اس سے پنڈورا باکس کھل جائیگا‘ عمران خان کی ناپختہ سوچ اور بچگانہ رویے نے جمہوری عمل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا‘ عمران اور ان کے رفقاء انتخابی عمل سے ناواقف ہیں‘ سعودی عرب کی علاقائی حدود کو خطرے کی صورت میں پاکستان اُسی طرح کاروائی کریگا جیسے یہ خود ہمارے اپنے دفاع کا مسئلہ ہو‘ پاکستان کسی بھی ملک میں پراکسی وار کا مخالف ہے اور ترکی سمیت برادر مسلم ممالک سے ملکر اس سلسلے کو ختم کرانے کیلئے کوشاں ہے‘یمن کے بحران کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کی پالیسی عوامی خواہشات و جذبات اور پاکستان کے قومی مفادات پر مبنی ہے۔وہ لاہور ریلوے سٹیشن پر ’’ہزارہ ایکسپریس‘‘ کی نوتزئین شدہ بوگیوں کے افتتاح کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ نوائے وقت نیوزکے مطابق سعد رفیق نے کہا ہزارہ ایکسپریس حویلیاں سے کراچی جائے گی۔ کبھی ٹرینیں بیٹھنے کے قابل بھی نہیں تھیں ریلوے پر عوام کا اعتماد بحال کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کراچی آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے۔ ایم کیو ایم ہدف نہیں ہے۔ سعودی حکومت نے ہمارا ہمیشہ ساتھ دیا ان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت کے بیان کے متعلق کہا کسی وزیر کے ذاتی احساسات کو اُس ملک کی سرکاری پالیسی نہیں سمجھا جاسکتا۔ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جس کی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہر پاکستانی کا دِل حرمین شریفین کے ساتھ جڑا ہوا ہے جس کا تحفظ دُنیا کے ہر مسلمان کے ایمان کا جزو ہے۔ سعودی عرب کی علاقائی حدود کو خطرے کی صورت میں پاکستان اُسی طرح کاروائی کرے گا جیسے یہ خود ہمارے اپنے دفاع کا مسئلہ ہو۔ پاکستان کسی بھی ملک میں پراکسی وار کا مخالف ہے اور ترکی سمیت برادر مسلم ممالک سے مل کر اس سلسلے کو ختم کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا عمران اور ان کے رفقاء انتخابی عمل سے ناواقف ہیں۔ ان کی ’’انا‘‘ پاکستان سے بھی بڑی ہے ، وہ ایک طرف دھاندلی کا شور مچاتے ہیں اور دوسری طرف اسی نظام کا حصہ بھی ہیں۔ 1970سے اب تک ہونے والے تمام انتخابات دھاندلی کی زد میں رہے۔