عوام نے مسائل حل کرنے کا مینڈیٹ دیا، چاہتے ہیں حکمران مدت پوری کریں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کا حکومتی اتحاد الیکشن میں کامیابی حاصل کریگا، ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے عوام ووٹ کی طاقت استعمال کریں ، عوام نے حکمرانوں کو مسائل حل کرنے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکمران اپنی حکومت کی مدت پوری کریں، جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو نئی نسل کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار ، مفت تعلیم اور بلاسود قرضے دیگی۔ لوئر دیر میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملکی مسائل کا واحد علاج نفاذ شریعت ہے۔ 68 سال میں ہم نے مغرب کے نظاموں کی پیروی میں اپنا امن و سکون برباد کر لیا۔ دہشت گردی اور بدامنی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملک میں کرپشن ، اقرباپروری اور لوٹ کھسوٹ عروج پر ہے جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی، عوام نے حکمرانوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے ووٹ دیا تھا لیکن انکے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے، کرپشن، اقربا پروری، لوٹ مار، دہشت گردی اور مہنگائی کا راج ہے۔ غریب غریب تر اور امیر کے بنک بیلنس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔