عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے: کمشنر لاہور

لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ جعلی ادویات اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کو روزمرہ کا عام نوعیت کا معاملہ سمجھنے کی بجائے اسے ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لیا جائے- انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، معیار اور مانیٹرنگ کو مزید فعال بنا کر غیر معیاری ادویات کی خریداری اور ہسپتالوں کے اسٹوروں میں ادویات کے ضائع ہونے کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ میڈیکل اسٹوروں پر غیر معیاری ادویات کی فروخت، جعلی ادویہ ساز کمپنیوں اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کو ڈویژنل ٹاسک فورس مانیٹر کرے گی۔