امن مشن کو عام کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے : راغب حسین نعیمی

امن مشن کو عام کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے : راغب حسین نعیمی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)اسلام اخوت و بھائی چارے ،محبت و الفت اورامن کادین ہے۔فروغ علم سے ہی بحالی امن کاخواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔طلباء ظاہری وباطنی علوم سے اپنے آپ کوآراستہ کریں، قدیم علوم کے ساتھ جدید علوم کوفروغ دے کردہشتگردی اور انتہاء پسندی کو ختم کیاجاسکتاہے۔ ان خیالات کااظہارسیکرٹری اوقاف ومذہبی امور شہریار سلطان نے جامعہ نعیمیہ میںمنعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ راغب حسین نعیمی،ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹرطاہر رضا بخاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور شہریار سلطان نے کہاکہ مدارس میں لیپ ٹاپ کی تقسیم میرٹ پر کی گئی ہے۔رواںسال مدارس میں 4 ہزارلیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔علامہ راغب نعیمی نے کہاکہ اسلاف کے دئیے ہوئے امن مشن کوعام کرنے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔معاشرے سے نفرتوں کاخاتمہ اورامن وامان کی فضاء کوبحال کرناچاہتے ہیں۔