سپریم کورٹ 436افراد کے احتساب کیلئے ہماری پٹیشن کی جلد سماعت کرے : سراج الحق

سپریم کورٹ 436افراد کے احتساب کیلئے ہماری پٹیشن کی جلد سماعت کرے : سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے سپریم کورٹ پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی دائر کردہ پٹیشن کی جلد سماعت کرے ۔ کرپشن فری پاکستان کے لیے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے ساتھ پانامہ اور پیراڈائز لیکس کے کرداروں اور بنکوں سے اربوں کے قرضے معاف کرانے والوں کو پکڑا جائے اور سب کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ عدلیہ کو اپنا وقار اور اعتبار برقرار رکھنے کے لیے بھی لٹیروں کے خلاف سخت اقدام اور بلاتفریق سب کا احتساب کرنا ہوگا ۔ ملک کا اصل مسئلہ یہ ہے جمہوریت اور سیاست پر ظالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے ۔ جمہوریت کو ان لوگوں نے یرغمال بنارکھاہے جنہوں نے ملک کے اندر اپنی الگ ریاستیں بنا رکھی ہیں ۔ کسان اور مزدور دن بھر خون پسینہ بہانے کے باوجود بھوکے رہتے ہیں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے گھوڑے اور کتے بھی دودھ پیتے ہیں ۔ زراعت پر حکومت کا فوکس ہے نہ عالمی منڈیوں تک رسائی کی کوئی منصوبہ بندی ہے ۔ بھارت ہمارے دریائوں کا پانی چوری کر کے پاکستان کو بنجر بنانے کے لیے آبی دہشتگردی کر رہاہے جبکہ ہمارے حکمران خواب غفلت کے مزے لے رہے ہیں ۔کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری جنرل ارسلان خاکوانی کی قیادت میں منصورہ میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا قوم ابھی تک انگریز کے پروردہ ان جاگیرداروں اور وڈیروں کے چنگل سے آزاد نہیں ہوئی جنہوں نے انگریز سے وفاداری اور قوم سے غداری کے بدلے جاگیریں حاصل کیں ۔ انہوںنے کہا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے پانچ عشروں تک عام آدمی کا استحصال کیا ۔ حکمرانوں نے اپنے لیے قارون کے خزانے جمع کیے اور محلات بناتے رہے مگر عوام کو دو وقت کی روٹی ، تن ڈھانپنے کے کپڑے اور سر چھپانے کے لیے چھت بھی میسر نہیں ۔