نیا پاکستان بنانے والوں نے مایوسی پھیلائی، خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں: شہباز شریف

نیا پاکستان بنانے والوں نے مایوسی پھیلائی، خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ شفافیت، معیار اور رفتار پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور ہماری حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ صوبہ بھر میں فلاح عامہ کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا گیا ہے، خود مختار، خوشحال اور مضبوط پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کو پانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بے پناہ محنت اورعزم کے ساتھ کام کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو میںشہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ سوا چار برس کے دوران ترقی کی متوازن حکمت عملی پر عملدرآمد کیا گیاہے۔ دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا جبکہ خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی سازش کی۔ شکست خوردہ ان عناصر کی سیاست جھوٹ، بے بنیاد الزامات اوردشنام طرازی کے گرد گھوم رہی ہے ۔یوٹرن لینے والے سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے بھی عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ اربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے غریب قوم کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ساتھ کھڑا کر کے تبدیلی اور نئے پاکستان کی باتیں کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کو بھی جواب دینا پڑے گا جنہوں نے اپنے دور میں لوٹ مارکرکے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔ شہباز شریف نے ذیابیطس سے بچائو اور علاج معالجے سے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس کے علاج سے متعلق عوام میں موثر انداز میں آگاہی ضروری ہے کیونکہ اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کے باعث انسانی جسم کو دیگر پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ ذیابیطس کے مرض سے بچاؤ کیلئے علاج معالجے سے زیادہ احتیاط فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور متوازن غذا کے استعمال، باقاعدگی سے سیر اور ورزش کے ذریعے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔