عدلیہ کو سب کا احتساب کرنا ہوگا، سراج الحق

عدلیہ کو سب کا احتساب کرنا ہوگا، سراج الحق

لاہور(نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سپریم کورٹ پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی دائر کردہ پٹیشن کی جلد سماعت کرے ۔ کرپشن فری پاکستان کے لیے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ پانامہ اور پیراڈائز لیکس کے کرداروں اور بنکوں سے اربوں کے قرضے معاف کرانے والوں کو پکڑا جائے اور سب کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ عدلیہ کو اپنا وقار اور اعتبار برقرار رکھنے کے لیے بھی لٹیروں کے خلاف سخت اقدام اور بلاتفریق سب کا احتساب کرنا ہوگا ۔ ملک کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ جمہوریت اور سیاست پر ظالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے ۔ جمہوریت کو ان لوگوں نے یرغمال بنارکھاہے جنہوں نے ملک کے اندر اپنی الگ ریاستیں بنا رکھی ہیں ۔ کسان اور مزدور دن بھر خون پسینہ بہانے کے باوجود بھوکے رہتے ہیں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے گھوڑے اور کتے بھی دودھ پیتے ہیں ۔ زراعت پر حکومت کا فوکس ہے نہ عالمی منڈیوں تک رسائی کی کوئی منصوبہ بندی ہے ۔ بھارت ہمارے دریائوں کا پانی چوری کر کے پاکستان کو بنجر بنانے کے لیے آبی دہشتگردی کر رہاہے جبکہ ہمارے حکمران خواب غفلت کے مزے لے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری جنرل ارسلان خان خاکوانی کی قیادت میں منصورہ میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ 

سراج الحق