یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کیلئے وزیراعلی پنجاب نے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور (خصوصی رپورٹر)  وزیر اعلی  شہباز شریف نے  یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کے لئے صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی  - جس کا پہلا اجلاس ایوان وزیراعلی میں منعقد ہوا- صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں، وزیر صنعت و کامرس چوہدری محمد شفیق ، پریس سیکرٹری برائے وزیر اعلی شعیب بن عزیز ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبدالجبار شاہین، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فضل عباس رانا ، ڈپٹی سیکرٹری برائے وزیر اعلی شاہد اقبال و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- اجلاس میں اس سال یوم پاکستان کی تقریبات لاہور میں مرکزی طور پر  اور صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں- اس موقع پر تحریک پاکستان کے حوالے سے جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش منعقد ہو گی، قومی نغمے اور ملی ترانے اور جدوجہد آزادی کے مرکزی خیال پر مبنی ڈرامے، کلام اقبال پر مبنی شاندار پروگرام تمام اضلاع میں منعقد کئے جائیں گے-