وسائل کا رخ دیہی علاقوں کی طرف موڑ دیا‘ مزید 12 اضلاع میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیمیں شروع کرینگے : شہباز شریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اسی لئے وسائل کا رخ دیہی علاقوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے اور آئندہ بجٹ میں وسائل کا65 فیصد ان علاقوں کی ترقی پر صرف کیا جائے گا۔ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اوڑھنا بچھونا ہے اور پنجاب کا بجٹ اس کا عکاس ہے۔ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور جہلم میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے اور آئندہ سال مزید 12 اضلاع میں ان ہاﺅسنگ سکیموں کا اجراءکیا جائے گا جن میں جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع بھی شامل ہوں گے۔ اراکین صوبائی اسمبلی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمدکے لئے ان کے دست و بازو بنیں، اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تیز، معیاری اور شفاف طریقے سے تکمیل یقینی بنائیں اور کرپشن کا قلع قمع کریں۔ تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جائیں جس میں کمشنرز، آر پی اوز، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن و ڈسٹرکٹ پولیس افسران اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔وہ ایوان وزیراعلیٰ میں ملتان اور ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ان ڈویژنوں میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورت حال ، محکموں کی کارکردگی اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ رانا ثناءاللہ‘ حاجی احسان الدین قریشی‘ ملک ندیم کامران، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ملتان اور ساہیوال ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن و پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کی تیز رفتار ترقی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اس کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے خطیر فنڈ مختص کئے گئے ہیں اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ پنجاب کا بجٹ بہترین اور فلاحی ہے جس میں غربت، جہالت، بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ بجٹ نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے پناہ مواقع لے کر آیا ہے جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں بلکہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ 20 ہزارییلو کیب گاڑیاں شفاف طریقے سے تقسیم کی جائیں گی‘ جنوبی پنجاب میں بیروزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے ییلوکیب سکیم کے تحت 40 فیصد گاڑیاں ان علاقوں کے نوجوانوں کو دی جائیں گی۔ اسی طرح ایک لاکھ ہنرمند بچوں اور بچیوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے 20 ہزار فی کس سود سے پاک قرضے دیئے جائیں گے۔ امن و امان کا قیام اور عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پولیس و انتظامی افسران عوام کے صحیح معنوں میں خادم بنیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے نہ صرف اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں بلکہ باقاعدگی سے مختلف مقامات کا دورہ بھی کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اغیار کی ایسی بھیک جس سے ہماری خودمختاری پر آنچ آتی ہو اور ملک کی عزت و توقیر خاک میں ملتی ہو اس سے چھٹکارا پانا ہر محب وطن پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔
وزیراعلی