بیت المقدس کے تحفظ کےلئے امت مسلمہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی ‘ خادم رضوی
لاہور اسلام آباد کراچی گجرات (نامہ نگار ) بیت المقدس کے تحفظ کےلئے امت مسلمہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔ مسلم حکمران جلد متحدہ لائحہ عمل کا اعلان کریں۔ جب بھی وطن عزیز پاکستان نے جہاد کا اعلان کیا تحریک لبیک یارسول اللہ لاکھوں کارکنان پیش کرےگی۔ یہ بات علامہ خادم حسین رضوی، پیر محمد افضل قادری نے تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیراہتمام لاہور میں بہت بڑے ”تحفظ بیت المقدس مارچ“ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مارچ میں ہر عمر اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں فرزندان اسلام نے شریک ہوکر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ قائدین تحریک نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اسلامی ممالک جرات مندانہ پالیسیاں وضع کریں۔ امریکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے باز آجائے اور بیت المقدس سے متعلق متنازعہ فیصلہ واپس لے۔ مارچ سے پیر ظہیر الحسن شاہ، علامہ وحید نور، مولانا فاروق الحسن، پیر اعجاز اشرفی، مفتی محمد عابد ودیگر نے اظہار خیال کیا۔
خادم رضوی