وفاقی حکومت ریمنڈ کے معاملے پر حقائق قوم کے سامنے لائے: حمزہ شہباز

لاہور (خواجہ نصیر / وقت نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر نہیں چل پائی۔ صرف بلند و بالا دعو¶ں سے غریب آدمی کا پیٹ نہیں بھرتا‘ جمہوریت ہی پاکستان کے بقا کا واحد راستہ ہے‘ حکومت کی ناکامی کو جمہوریت کی ناکامی قرار دینا قطعی طور پر غلط ہو گا۔ وفاقی حکومت ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے سے پہلے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے۔ مجید نظامی نے ہر آمرانہ دور میں آواز بلند کی۔ وقت نیوز بھی اسی روش پر چلتے ہوئے پاکستان کی سیاسی‘ معاشی اور نظریاتی حدود کی بہتری کے لئے کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے وقت نیوز کے لائیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل زیں وقت نیوز پہنچنے پر ڈائریکٹر نیوز حافظ طارق اور سینئر مینجمنٹ نے ان کا استقبال کیا اور انہیں چینل کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ان کے قائد نوازشریف نے پاکستان کے مسائل کے حل پر مبنی 10 نکاتی ایجنڈا وفاقی حکومت کو اس لئے دیا تھا کہ وطن عزیز کے تمام طبقات کو بٹھا کر ایک اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور حکومت اس اتفاق رائے پر عملدرآمد شروع کر دے تاہم افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ قومی مسائل کے حل کے لئے نوازشریف کے دئیے جانے والے 10 نکاتی ایجنڈے پر حکومت عملدرآمد نہیں کر سکی اگر آج حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے پا رہی تو اس کا قطعی مقصد یہ نہیں کہ جمہوریت ناکام ہو گئی ہے۔ بہتر یہی ہو گا کہ وفاقی حکومت عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کا احترام کرے۔ پاکستان پر ہونے والے ڈرون حملوں اور ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریمنڈ کے معاملے پر پنجاب حکومت کو الزام دینے والے یہ بات بھول جاتے ہیں کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کس شخصیت نے تمام تر دبا¶ اور لالچ کو مسترد کر کے 5 ایٹمی دھماکے کئے اور اب بھی ریمنڈ کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ناصرف اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا بلکہ اسے جیل کی بھی ہوا کھانا پڑی۔ وفاقی حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ اس ڈیل کے حوالے سے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو معیاری تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے دانش سکول جیسے عظیم الشان منصوبے کا اجرا کیا گیا۔ امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے جامع پیکج دیا گیا۔ کانسٹیبلوں کی تنخواہوں میں اضافہ‘ شفاف بھرتیاں‘ شہدا کے پسماندگان کے لئے بھاری معاوضے اس کی صرف ایک کڑی ہے۔ تعلیم کا فروغ ہی دہشت گردی کے عفریت پر قابو پا سکتا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے لاہور میں کئے جانے والے جلسے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں ایم کیو ایم کو پنجاب میں جلسہ کرنے کے لئے ڈنڈے کھانے اور تھانوں میں جانا پڑا مگر ہم نے سیاست میں ایک نئے کلچر کی بنیاد رکھی ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ساری صورتحال درست ہے عوام کی مایوسی ہم نے ہی دور کرنی ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ‘ کلمہ چوک فلائی اوور پر کام جاری ہے جو عوام کو ٹرانسپورٹ کے معاملے پر بڑی سہولت پہنچانے کا باعث بنے گا جبکہ یونین کونسل کی سطح پر فلٹریشن پلانٹ اور سولر انرجی پلانٹ تجرباتی طور پر لگائے جا رہے ہیں۔ اربوں روپوں کی جگہ کو واگزار کروا کے ڈگری کالجز اور ہسپتالوں کی سہولیات عام آدمی کو مہیا کی جا رہی ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کے لئے جامع پروگرام متعارف کروا رہی ہے۔
حمزہ شہباز