فارورڈ بلاک کو شوکاز جاری کر دئیے‘ قانون کے مطابق نااہل کرائینگے: پرویز الٰہی

لاہور ( خصوصی رپورٹر ) سابق وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک کے ارکان کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے۔ قانون کے مطابق انہیں نااہل کرایا جائے گا۔ شہباز شریف سستی روٹی کے نام پر سیاست چمکا رہے ہیں‘ اس اقدام سے دیگر صوبوں کے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے۔ وہ پیر کو چکوال میں خودکش دھماکہ کے دوران جاںبحق ہونے والے افراد کی فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گتفگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم غلام عباس‘ تحصیل ناظم آفتاب اکبر بھی موجود تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں‘ پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اقتدار کی نورا کشتی نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ پرویز الٰہی کے دورہ چکوال کے موقع پر خصوصی سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے۔ ایک سوال پر پرویز الٰہی نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ 12 مارچ ہی کو طے پا گیا تھا جس کے بعد صرف ڈرامے کئے گئے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک والے بہت جلد نااہل ہو جائیں گے اب بھی اُن کے پاس وقت ہے اپنی پارٹی میں واپس آ جائیں۔
پرویز الٰہی