خطاب میں وزیراعلیٰ کی تنقید، حاضرین نے رو عمران کے نعرے لگائے، مفت ادویات فراہمی پر کینسر کے مریضوں نے شکریہ ادا کیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ملتان میں سپیڈو بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں عمران نیازی اور ان کے نیازمندوں پر ایک بار پھر کڑی تنقید کی اور خیبر پی کے میں ڈینگی کی وبا کے دوران عوام کی خدمت سے بھاگنے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ شہباز شریف جب بسوں کے افتتاح کے بعد پنڈال پہنچے تو شرکاء نے ’’دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائے۔ شرکاء شہباز شریف کو دیکھ کر آئی لو یو میاں صاحب کہتے رہے۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران پنڈال میں عمران نیازی کے خلاف شیم شیم اور رو عمران رو کے نعرے لگتے رہے۔ پنجاب حکومت اور دوا ساز کمپنی کے درمیان معاہدے کی تقریب کے دوران شہباز شریف نے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے کینسر کے تین مریضوں کو اپنے ساتھ کرسی پر بٹھایا اور ان کے خیالات سنے۔ بلڈ کینسر کی مریضہ صائمہ نے بتایا کہ جب سے پنجاب حکومت اور نوارٹس کا پروگرام شروع ہوا ہے مجھے مفت ادویات مل رہی ہیں اور میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی شکر گزار ہوں۔