ماڈل ٹائون: نجی کمپنی کے دفتر میں سلنڈر پھٹنے سے 4 ملازم زخمی، لاکھوں کا سامان جل گیا

لاہور (نامہ نگار) ماڈل ٹائون ایم بلاک میں نجی کمپنی کے دفتر میں سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے سے چار ملازم زخمی ہوگئے۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ایم بلاک ماڈل ٹاؤن میں کرن پلازہ میں مظہر صدیق کے دفتر میں گزشتہ روز کچن میں ایک ملازم چائے بنانے کے لئے سلنڈر چولہا جلانے لگا تو سلنڈر دھماکہ سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی جس کی زد میں آ کر اشتیاق، شاہد وغیرہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ علاقہ میں دھماکہ سے خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مالک کے مطابق ان کا لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان فرنیچر ضروری کاغذات اور دیگر سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ ہسپتال میں چاروں زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔