لاہور: سروسز ہسپتال میں بم کی افواہ، ڈاکٹر، نرسیںمریض چھوڑ کر بھاگ گئے

لاہور (نیوز رپورٹر) سروسز ہسپتال میں بم کی افواہ پر ڈاکٹر، نرسیں اور سکیورٹی گارڈ مریضوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔ گزشتہ روز سہ پہر کو نامعلوم شخص نے ہسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی کہ میڈیکل ایمرجنسی میں بم ہے جو کچھ دیر میں پھٹ جائے گا۔ واقعہ کی اطلاع سن کر ایمرجنسی میں افراتفری پھیل گئی۔ ڈاکٹرز، نرسیں اور طبی عملہ فوری طور پر بھاگ نکلا، مریضوں کے لواحقین اپنے پیاروں کو کندھوں پر اٹھاکرباہر لے آئے۔ ایمرجنسی سمیت دوسرے وارڈوں سے بھی مریض باہر آنا شروع ہوگئے جس پر ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بم ڈسپوزل نے تلاشی کے بعد شعبہ ایمرجنسی کو کلیئر قرار دے دیا۔ پولیس اطلاع دینے والے شخص کو ڈھونڈ رہی ہے۔