الیکشن کمشن پر اعتماد ہے نہ بلدیاتی میدان خالی چھوڑیںگے:اعجاز چودھری

 الیکشن کمشن پر اعتماد ہے نہ بلدیاتی میدان خالی چھوڑیںگے:اعجاز چودھری

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہاکہ نادرا کو این اے 122 میں انگوٹھوں کی شناخت کے لئے ایک مہینے کا ٹائم دیا ، اس کے دوران اگر جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں نہ لایاگیا تو تحریک انصاف سڑکوں پر دوبارہ احتجاج شروع کردے گی۔ ہمیں الیکشن کمشن پر اعتماد نہیں لیکن اس کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف پنجاب سیکرٹریٹ میں لوکل گورنمنٹ کمیٹی کے جلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمودالرشید کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ہر وقت حکومت سے بامقصد مذاکرات کے لئے تیار ہے ، لیکن حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے میں بالکل سنجیدہ نہیں بلکہ قوم کا وقت ضائع کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ دھاندلی کے خلاف تحریک کا مرکز لاہور ہوگا، تحریک بھی جاری رہے گا اور بلدیاتی انتخابات میںبھی بھرپور حصہ لیںگے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمودالرشیدنے کہاکہ پہلی حلقہ بندیاں (ن) لیگ نے بددیانتی پربنائی تھیں،الیکشن کمیشن رولز کے مطابق نئی حلقہ بندیاں تشکیل دے ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوتے ہی پنجاب حکومت نے پری پول رگنگ کا آغا ز کردیا ہے۔ اجلاس میں میاں اسلم اقبال، حامد معراج،چوہدر ی اشفاق، طارق ثناء باجوہ ، امجد جوئیہ، میاں محمودالرشید، ندیم قادر بھنڈر، بختیار قصوری ، سردار کامل عمر، نور خان بھابھہ ، رائے حسن نواز، منصور سرور ، شبیرسیال، مہر فیاض، محمود جوئیہ، حاکم علی بھٹی، ثوبیہ کمال، سعدیہ سیف، اسلم گھمن، جاویدکاہلوںسمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔