افغان سفیر کی ملاقات‘ تجارتی اور معاشی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے : شہباز شریف

افغان سفیر کی ملاقات‘ تجارتی اور معاشی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے : شہباز شریف

لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک افغان تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے قائم ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کی قیادت اور سینئر حکام کے باہمی دوروں کے نتیجے میں پاک افغان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ لاہور میں افغان قونصلیٹ جنرل کے قیام کی تجویز خوش آئند ہے۔ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی موجودہ قیادت قیام امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے دہشت گردی کو جڑ سے ا کھاڑ نے کا عزم کیا ہوا ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری آئی ہے تاہم دونوںملکوں کے مابین تجارتی و معاشی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں افغانستان کے سفیر جاناں موسیٰ زئی نے کہاکہ افغانستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے لاہور میں افغان قونصلیٹ قائم کرنے کی تجویزدی جس کا شہبازشریف نے خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت ملک کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انشاءاللہ پاکستانی قوم کی حمایت سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے ناسور کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ پاکستان کی قومی قیادت کے اتفاق رائے سے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دہشت گرد ی و فرقہ واریت کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت تیز رفتاری سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ صوبے میں ضروری قانون سازی کرکے سزاﺅں کو سخت کیا گیا ہے۔پوری قوم دہشت گردوں کوشکست فاش دےنے کا تہیہ کر چکی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی جا ری ہے۔ ملک وقوم کی ترقی کےلئے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے۔ بے گناہ اور معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے سفاک درندے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ وہ گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مٹھی بھر ناجائز منافع خوروں کو 10 کروڑ عوام کے مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عام آدمی کے مفاد کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر صورت پورا کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مفادات کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی- عوام کو ریلیف کی فراہمی پر کئے جانے والے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا-وہ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں عوام کو ویجیٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کرنے والے بڑے مگرمچھوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ناجائز منافع خوری کی آڑ میں جو عوام کا استحصال کرے گا وہ جیل جائے گا۔ وزیراعلی نے ویجیٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئے نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں نئی قیمتوں کا اطلاق فی الفور یقینی بنایا جائے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ناجائز منافع خوری کی آڑ میں لوٹ مار کسی صورت قبول نہیں- وزیراعلیٰ نے ویجیٹیبل آئل اور گھی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کیلئے صوبائی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جو ویجیٹیبل آئل اور گھی کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔ عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔مزید برآں شہباز شریف نے پی ٹی وی کے ڈائریکٹرنیوز مزمل احمد خان کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کیا ہے۔