صوفی ازم کو لازمی مضمون کے طور پر تعلیمی اداروں میں پڑھایا جائے: فخر زمان

لاہور (کلچرل رپورٹر) ورلڈ پنجابی کانگرس کے چیئرمین فخر زمان نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صوفی ازم کو بطور لازمی مضمون کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر پڑھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ورلڈ پنجابی کانگرس روزن انٹرنیشنل اور پنجابی فورم کے زیراہتمام گجرات میں منعقدہ کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی کو پنجابی میں تقریر کرنے کی تاکید کی جائے اور لاہور میں پنجابی یونیورسٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے میں بابا فرید‘ بلھے شاہ اور شاہ حسین کے حوالے سے کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ افضل راز نے کہا کہ وہ اس سال گجرات میں ایک عالمی پنجابی کانفرنس منعقد کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں منصور امین نے میاں محمد بخش کی شاعری کے حوالے سے مضمون پڑھا۔ دیگر مقررین میں افتخار بھٹہ‘ افتخار وڑائچ‘ اشفاق ایاز‘ قاضی قمر اسلام‘ چودھری شیر بہادر‘ شریف فیاض اور اقبال بالم شامل تھے۔