دہشت گردوں کی کمر توڑ کر وطن عزیز کو اس لعنت سے پاک کرینگے: حمزہ شہباز

دہشت گردوں کی کمر توڑ کر وطن عزیز کو اس لعنت سے پاک کرینگے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا ’’سافٹ امیج‘‘ اجاگر کریں گے۔ ہم سب کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور انشاء اللہ نئی نسل کو پرامن پاکستان منتقل کریں گے، دہشت گردوں کی کمر توڑ کر وطن عزیز کو ہمیشہ کے لئے اس لعنت سے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت قدرتی حسن سے مالامال وطن عزیز میں سیاحت کے فروغ کے لئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پنجاب ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے پلیٹ فارم سے پہلے مائونٹین فلم فیسٹیول کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان اور سیاحتی مقامات کی ترقی میں خاطر خواہ مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ملکی ترقی میں اہم سنگ میل کا کردار ادا کرتے ہیں جن کے باعث علاقے کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم ہونے میں بھی مدد ملتی ہے۔ حمزہ شہباز نے ٹی ڈی سی پی کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ پہلے دو روزہ پاکستان انٹرنیشنل مائونٹین فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کا عظیم الشان پہاڑی سلسلہ پاکستان میں موجود ہے جہاں سہولتوں اور انفرا سٹرکچر کی فراہمی کے لئے موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ دو عشروں میں دہشت گردی کے عفریت نے پاکستان میں ٹورزم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے لیکن موجودہ قومی قیادت نے دہشت گردی کی کارروائیوں پر قابو پانے کو اولین ترجیح دی ہے اور عسکری اداروں کے اشتراک کار سے منظم انداز میں مہم کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔