لاہور میں درجنوں وارداتیں‘ ڈاکوئوں نے 2 شہری قتل 3 کو شدید زخمی کر دیا

لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں کو لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر ڈاکوئوں نے 8بچوں کے باپ سمیت 2افراد کو قتل جبکہ 3افراد کو شدید زخمی کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ گرین ٹائون میں ڈاکوئوں نے 65سالہ صادق کے گھر داخل ہوکر اس سے نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد مزاحمت کرنے پر اس کے سر پر آہنی چیز مار کر اسے قتل کردیا۔ مقتول کے بیٹے فیاض نے پولیس کو بتایاکہ وقوعہ کے وقت وہ گھر پر اکیلے تھے اور ان کے پاس 3ہزار روپے موجود تھے جوکہ اب نہیں ہیں۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے تاہم مقتول کی بیوی کا کردار مشکوک ہے۔ پولیس نے مقتول کی بیوی کو حراست میں لے کر تفشیش شروع کردی ہے۔ جیل روڈ پر گاڑیوں کے شوروم کا مالک نذیر بٹ بنک سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے لے کر آرہا تھا کہ دو ڈاکوئوں نے مزاحمت پر اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور رقم لے کر فرارہوگئے جس پر کار ڈیلر فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم اور چیئرمین کی قیادت میں تاجروں نے جیل روڈ پر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ 24گھنٹے میں ملزموں کو گرفتار کرلیا جائے گا جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ فیکٹری ایریا میں 4ڈاکوئوں نے ہیڈماسٹر حبیب الحق سے اساتذہ کی تنخواہوں کی رقم 2لاکھ چھین لی جس پرسکول کے سینکڑوں طلباء نے مین فیروز پور روڈ بلاک کرکے ٹائر جلائے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ شاہدرہ میں ڈاکوئوں نے اقبال سے 15ہزار اور موبائل چھین لئے اور مزاحمت پر اسے پستول کے بٹ مار کر شدید زخمی کردیا۔ شادباغ میں اسلم کے گھر سے 3لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، ہنجروال میں مبشر کے گھر سے 5لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، شاہدرہ ٹائون میں علی اصغر کے گھر سے 4لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، کاہنہ میں رجب علی کے گھر سے 2لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، اسلام پورہ میں رئیس کے گھر سے 1لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ لئے۔ نوانکوٹ میں کاشف اور اس کی فیملی سے 2لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، لوئر مال میں عظیم اور اس کی بیوی سے 9لاکھ مالیت کی نقدی اور زیورات، مصطفی آباد میں امین سے موٹرسائیکل، موبائل اور نقدی، ٹائون شپ میں محسن علی سے 1لاکھ اور موبائل، کوٹ لکھپت میں شمشیر علی سے 50ہزار اور موبائل، ڈیفنس میں ولایت سے 20ہزار اور موبائل، جنوبی چھائونی میں حفیظ سے 25ہزار اور موبائل، شفیق آباد میں اعجاز سے 20ہزار اور موبائل، ساندہ میں ریاض سے 70ہزار اور موبائل، سمن آباد میں ارشد سے 35ہزار اور موبائل، اچھرہ میں شوکت سے 40ہزار اور موبائل، اکبری گیٹ میں نثار سے 15ہزار اور موبائل، گرین ٹائون میں ندیم سے 10ہزار اور موبائل، راوی روڈ میں افضال سے 78ہزار اور موبائل، لٹن روڈ میں سعید سے 95ہزار اور موبائل، فیصل ٹائون میں عالم سے 44ہزار اور موبائل، قلعہ گجر سنگھ میں اکرم سے 12ہزار اور موبائل چھین لئے۔ مصری شاہ میں چوروں نے منزہ کے گھر کے تالے توڑ کر 12لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیاء جبکہ باٹاپور میں سعید اسد کے گھر سے 2لاکھ مالیت کا سامان چرا کر لے گئے۔ علاقہ مدینہ کالونی میں مزاحمت پر گولی مار کر سٹیفن مسیح کو ہلاک کردیا اور رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے فیصل پارک میں اقبال بٹ مقبرہ موڑ سے رمضان سے نقدی اور موٹرسائیکل چھین لی۔