شہباز شریف مستعفی ہو کر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں: قمر زمان کائرہ
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کے بعد شہباز شریف مستعفی ہوکر خود کو قانون کے سامنے پیش کریں، جب بھی جمہوریت پٹڑی سے اتری فائدہ مسلم لیگ (ن)کو ہی ہوا، فاٹا والے پاکستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں مگر نوازشریف کو اپنے اتحادی مولانا فضل الرحمن عزیز ہیں۔ یہ باتیںانہوںنے گزشتہ روز پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر زرداری طاہر القادری کے ساتھ مل گئے تو پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی۔ میں کہتا ہوں کہ بھئی اگر پیپلز پارٹی ایسے ختم ہوتی تو آپ موتی چور لڈو بانٹیں آپ تو پہلے ہی کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہو چکی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی آئین سے باہر بات کریگا تو پیپلز پارٹی اس کے سامنے کھڑا ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری تو آئین کے اندر جدوجہد کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرداری اور طاہر القادری کی ملاقات میں فلسطین اور سانحہ ماڈل ٹائون کے معاملات پر بات ہوئی۔ پہلے دن سے ہم نے عوامی تحریک کے موقف کو سپورٹ کیا ہم نے اچانک یہ اسٹینڈ نہیں لیا۔ انہوںنے کہاکہ میاں صاحب! اگر آپ کیخلاف کوئی سازش ہوئی ہے تو کھل کر بتاتے کیوں نہیں؟ آپ نے عدالت سے جھوٹ بولا۔ آپ نے قطری خط کی بنا پر جھوٹ بولا۔کہتے ہیں ہماری ایک پائی کی کرپشن نہیں پکڑی گئی یہ جو پورے ٹبر کیخلاف کرپشن کے کیس چل رہے ہیں وہ کیا ہیں؟ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالتیں آج انصاف کر رہی ہیں توکہتے ہیں کہ میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ پیپلز پارٹی الیکشن تاخیر کا شکار نہیں ہو نے دیگی۔ اگر پرانی فہرستوں پر الیکشن کرانا پڑے تو کرائیں گے۔