یوم ابوبکر صدیقؓ پر سرکاری تعطیل نہ ہونے کیخلاف اہلسنت والجماعت کی کئی شہریوں میں ریلیاں

لاہور (نامہ نگاران) اہلسنت والجماعت کی جانب سے خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کا یوم وفات سرکاری سطح پر نہ منانے اور تعطیل نہ ہونے کیخلاف حافظ آباد، بھیرہ، بھلوال، ساہیوال، سرگودھا سمیت کئی شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ حکومت سے یوم وفات پر عام تعطیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے یوم سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کو سرکاری سطح پر نہ منائے جانے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جو فیصل پلازہ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت اہلسنت کے ضلعی راہنمائوں ملک نزیر احمد، رانا جمشید تبسم، جاوید چیمہ و دیگر نے کی۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے خلیفہ اول حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یوم کو سرکاری سطح پر نہ منائے جانے کے خلاف نعرہ بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ خلفائے راشدینؓ کے ایام کے موقع پر ملک میں عام تعطیل کرکے انکو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات پر بھیرہ میں ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے موٹر سائیکل پر شہر کا چکر لگایا اس موقع پر اہل سنت والجماعت کے رہنماؤں مولانا اکرم عثمانی، مولانا یامین انصاری اور حافظ عبدالرشید انصاری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ خلیفہ اول کے یوم وفات پر قومی تعطیل کی جائے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق اہلسنت والجماعت کے زیراہتمام بھلوال میں یوم حضرت ابوبکر صدیقؓ کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اہلسنت والجماعت کے تحصیل صدر حافظ عبدالجبار معاویہ، غازی اسلام، مولانا اکرم عثمانی اور مفتی محمد خان آف بھیرہ نے کی۔ شرکاء ریلی جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے بھیرہ روڈ سے پل نہر پہنچے۔ شرکاء ریلی عیدگاہ چوک، فوارہ چوک، منشی چوک اور پریس کلب چوک سے ہوتے ہوئے چوک ریلوے سٹیشن بھوال پہنچ گئے۔ جہاں سرگودھا گجرات جانے والے روڈ کو بلاک کرتے ہوئے مقررین نے خطاب کیا۔ ساہیوال/ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق اہل سنت والجماعت تحصیل ساہیوال کے زیراہتمام سبز منڈی ساہیوال سے لاری اڈہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ قیادت مولانا محمد عبداللہ نے کی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبداللہ مولانا نصیر احمد معاویہ، رانا افتخار احمد و دیگر مقررین نے کہا کہ یوم وفات خلیفہ اول صدیق اکبرؓ کے سلسلہ میں سرکاری سطح پر ملک بھر میں 22 جمادی الثانی کو چھٹی کا اعلان کیا جائے۔ اگر حکومت نے یوم وفات صدیق اکبرؓ کے سلسلہ میں تعطیل کا اعلان نہ کیا تو اہل سنت و الجماعت ملک بھر میں احتجاج جاری رکھے گی۔چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق جامعہ مسجد صدیق اکبر محلہ گڑھا سے جماعت اہل سنت و الجماعت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی لائبریری پارک کے سامنے جاکر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ختم نبوت کے امیر اور رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی اور چودھری سعید احمد، مولانا عبدالوارث، مفتی محمد امتیاز، مولانا عمر فاروق، قاری شبیر احمد عثمانی نے خطاب کرتے کہا خلفائے راشدین کے ایام شہادت و وفات ہائے پر سرکاری سطح پر تعطیل کا اعلان کر کے سرکاری سطح پر منایا جائے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق سیدنا صدیق اکبر ؓ کے یوم وفات کے موقع پر تاجدار ختم نبوت فائونڈیشن کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، قیادت حافظ شمس الزماں قادری نے کی۔ ریلی بلال مسجد بخشی پارک سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چوک صدر بازار میں پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ شمس الزماں قادری و دیگر مقررین نے سید نا صدیق اکبر ؓ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔