لوڈ شیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر کیمپ لگانے والے آج خاموش ’’تماشائی‘‘ بنے ہوئے ہیں: چودھری سرور

لاہور (آئی این پی) تحر یک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن و سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈ نگ اور بیڈ گورننس آئندہ انتخابات میں حکمرانوںکی سیاسی موت ثابت ہو گی‘بجلی کی لوڈشیڈ نگ کے خلاف مینار پاکستان پر کیمپ لگانیوالے آج خاموش ’’تماشائی ‘‘بنے ہوئے ہیں ‘تجر بے کی باتیں کر نیوالے حکمرانوں نے قوم سے عام انتخابات میں کیا جانیوالا ایک بھی وعدہ وفا نہیں کیا اور ڈنگ ٹپائو پالیسوں کے ذریعے ملک کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جن سے ملک میں مزید مسائل اور بحران پیدا ہو رہے ہیں ۔ وہ اپنے دفتر میںسندھ کی سیاسی شخصیت امتیاز علی تاج اور تحر یک انصاف کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اقتدار میں آئے ہوئے 2سال سے زائد کا عر صہ ہوچکا ہے مگر ملک میں بجلی کی لوڈشیڈ نگ سمیت دیگر مسائل خاتمے ہونے کی بجائے ان میں مزید اضافہ ہو تا جا رہا ہے او ر حکو مت کے ساتھ ساتھ حکو متی پالیسیاں بھی مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔ عوام انکو ہمیشہ کیلئے پاکستانی سیاست سے فارغ کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس ملکی مسائل حل کر نے کا کوئی ویژن ہے اور نہ ہی حکمران مسائل حل کر نے میں کسی صورت سنجیدہ نظر آتے ہیں۔