حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کرے: اعجاز ہاشمی

لاہور (این این آئی )جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا زاحمد ہاشمی نے تربت میں پنجاب اور سندھ سے تعلق رکھنے والے 20۔مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ہندوستان کی بلوچستان میں مداخلت کے ثبوت قوم اور عالمی برادری کے سامنے پیش کریں، حکمران ہچکچاہٹ کا شکار کیوںہیں۔ پنجاب نے ہمیشہ تمام صوبوں کے لئے بڑ ے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔ حکومتی اور عوامی سطح پر کبھی کسی قومیت کے خلاف بڑے صوبے میں نفرت کے اظہار کی حوصلہ افزائی کی گئی اور نہ ہی اس بنیاد پر قتل ہواکہ کوئی کسی دوسرے صوبے سے تعلق رکھتا ہے۔ مگر افسوس کہ بلوچستان میں پنجابیوں کو متعدد بار قتل کیا گیا ۔