حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ساتھ ہیں: مقررین: جامعہ اشرفیہ میں حفاظ کی دستار بندی کی تقریب

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جامعہ اشرفیہ میں حفاظ کرام کی اسناد و دستار بندی کی سالانہ تقریب شعبہ حفظ و ناظرہ کے ناظم حافظ اجود عبید کی زیرنگرانی مسجد ’’الحسن‘‘ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت  مولانا حافظ فضل الرحیم نے کی ،نامور صحافی اور کالم نگار اوریامقبول جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دجالی قوتوں نے ایک سازش کے تحت خلافت کے نظام کو ختم کرتے ہوئے امت مسلمہ کو مختلف ملکوں اور ریاستوں میں تقسیم کر دیا ہے اور یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصرو ف ہیں ،مولانا حافظ فضل الرحیم، مولانا محمد اکرم کاشمیری اور مولانا کفیل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو دینی تعلیم اور اسلامی تہذیب و ثقافت سے بھی روشناس کرانا اور قرآن مجید کے ساتھ رشتہ کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ہم حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ساتھ ہیں، تقریب میں مولانا قاری ارشید عبید، حافظ اسعد عبید، مولانا زبیر حسن، مولانا عبدالرحیم چترالی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی نے بھی شرکت کی۔