عدلیہ مخالف تقریر ‘ وزیر اعظم کی نااہلی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست
لاہور (نوائے وقت نیوز) سیالکوٹ میں عدلیہ مخالف تقریر پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نا اہلی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ سول سوسائٹی کی آمنہ ملک نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم نے سیالکوٹ میں اپنی تقریر میں کہا پانامہ فیصلہ ردی کی ٹوکری میں جائے گا۔ وزیر اعظم کو ملک کا سربراہ ہونے کے ناطے ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔ وزیراعظم توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار نے استدعا کی عدالت شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار دے اور پیمرا کو توہین عدالت تقاریر نشر کرنے سے روکے۔