دہشت گردوں سے مذاکرات شہداء کے خون سے غداری ہے: حامد رضا

لاہور (سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے مذاکرات چودھری اسلم جیسے شہداء کے خون سے غداری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں چودھری محمد اسلم شہید کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خودکش حملہ ناکام بنانے والا اعتزازحسن قومی ہیرو ہے۔  پوری قوم اعتزازحسن کو سلام پیش کرتی ہے۔ چودھری محمد اسلم قانون شکنوں سے لڑتے ہوئے ملک و قوم پرقربان ہو گئے۔  چودھری محمد اسلم کی شہادت کے بعد دہشت گردوں سے مذاکرات  کا کوئی جواز نہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے چودھری اسلم اور اعتزازحسن  جیسے جذبے اور جرأت کی ضرورت ہے۔ چودھری اسلم پر خودکش حملہ کرنے والے نعیم اللہ کی مدرسے سے وابستگی سے ثابت ہو گیا ہے کہ بعض مدارس دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ اجتماع میں ایک قراداد کے ذریعے مردان میں پیر بابا غازی کے مزار پر دو افراد کے قتل کی مذمت کی گئی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔