حکومتی پالیسیاں عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہیں: لیاقت بلوچ

لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہیں ۔ حکومت کا کوئی ویژن اور پالیسی واضح نہیں وہ صرف ڈنگ ٹپائو رویہ اپنائے ہوئے ہیں ۔ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے مزید مہنگی کر دینے سے حکمرانوں کی حیثیت سامنے آ گئی ہے ۔ مریض ہسپتالوں میں ایڑیاں رگڑ تے ہوئے سسک سسک کر مررہے ہیں جبکہ جان بچانے والی ادویات ہسپتالوں میں میسر نہیں ہیں۔ صوبے میں ڈاکٹرز سروسز سٹرکچر کے نہ ملنے کی بنیاد پر سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں حالانکہ حکومت اور شعبہ صحت کے ذمہ داران اور ینگ ڈاکٹرز کے مابین خوش اسلوبی سے طے پا گیاتھا کہ ڈاکٹرز کی سنیارٹی کی بنیاد پر ترقی اور سروس سٹرکچر کا نفاذ کر دیا جائے گا لیکن بیوروکریسی کے روایتی ہتھکنڈوں کی بدولت آج پھر یہ مسئلہ سر اٹھا رہا ہے۔