سوئی گیس سب سے سستا ایندھن‘ 57لاکھ صارفین کو فراہمی جاری: ایم ڈی سوئی ناردردن
لاہور(خالد بہزاد ہاشمی، طارق منیر بٹ، فیملی میگزین رپورٹ) ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی امجد لطیف کا کہنا ہے کہ رواں سال سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ قطر سے ایل این جی کی درآمد کے بعد اب ہمارے ذخیرے میں اتنی گیس ہے جو کہ پورے سیزن کیلئے کافی ہوگی۔ گھریلو صارفین کے ساتھ صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو بھی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ رواں سال سوئی گیس کا منافع ساڑھے آٹھ ارب تک پہنچ گیا ہے جو پچھلے سال صفر تھا۔ سوئی گیس کے لاسز کو 14 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد تک لے آئے ہیں۔ ورکرز یونین کے ساتھ ہر دو سال بعد تنخواہوں میں اضافے کا ایگریمنٹ کرتے ہیں جو 30سے 35 فیصد ہوتا ہے۔ حادثاتی موت کا شکار ہونیوالوں کیلئے انشورنس پالیسیاں بنائی ہیں۔ کمپنی صارفین کو ٹرانسمیشن اور سپلائی کی ذمہ داری نبھاتی ہے جبکہ اوگرا ہماری ریگولیٹری باڈی ہے۔ اوگرا نے رواں سال ہمیں ساڑھے سات لاکھ کنکشن لگانے کا کوٹہ دیا ہے جبکہ پچھلے سال چار لاکھ میٹرز لگائے۔ کمپریسر لگانا ایک قابل تعزیر جرم ہے۔ ہیلپ لائن 1199 پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔ کمپنی 57لاکھ صارفین کو گیس کی سہولت فراہم کررہی ہے جبکہ 24 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں۔ جس میں لکھا ہے سوئی گیس سب سے سستا ایندھن ہے، 30 فیصد پاکستانی اس نعمت سے مستفید ہورہے ہیں ہر کسی کو یہ سہولت فراہم نہیں کرسکتے۔ تفصیلی انٹرویو فیملی میگزین کے 17 سے 23 دسمبر کے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔