ججز پنشن کیس: صدارتی نوٹیفکیشن کا اطلاق یکساں کیوں نہیں: ہائیکو رٹ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے عدالت عالیہ کے ریٹائرڈ ججز کو پنشن اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار سابق ججز کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اکائونٹنٹ جنرل آفس نے کسی قانونی تقاضے کے بغیر ان کی پنشن اور مراعات روک دی ہیں، ریٹائرڈ ججز 1998 سے 2015 تک لاہور ہائیکورٹ میں بطور جج فرائض سر انجام دیتے رہے اکائونٹنٹ جنرل آفس نے 7 ججز کو ملنے والی پنشن روک دی ہے جبکہ 1 ریٹائرڈ جج کو پنشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آگاہ کیا جائے کہ صدارتی نوٹیفکیشن کا اطلاق یکساں بنیادوں پر کیوں نہیں کیا جا رہا۔