ڈالر، پائونڈ کی غلامی سے نکلے بغیر فلسطین و کشمیر کے مسائل حل نہیں ہونگے: حافظ سعید
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ تحفظ بیت المقدس کیلئے مسلم ممالک کو باہم متحد ہو کر پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ ڈالر اور پائونڈ کی غلامی سے نکلے بغیر فلسطین و کشمیر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔کشمیر، فلسطین و دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی مددکرنا پوری مسلم امہ پر فرض ہے۔17دسمبر کو مال روڈ پر تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے ذریعہ دنیا کو مضبوط پیغام دیں گے۔ ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کو فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کی مدد کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں گے۔ جامع مسجد القادسیہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اسرائیل غاصب سرطانی جرثومہ ہے جو فلسطین میں نصف صدی سے زائد عرصہ سے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔امریکہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دے کر دنیا کا امن برباد کرنے کی کوشش کی گئی۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ وہ اس کے تحفظ سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ مسلم امہ کا بچہ بچہ قبہ اول کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیارہے۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین میں اسرائیل اور کشمیر میں بھارت نہتے مسلمانوں کیخلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود نام نہاد بین الاقوامی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت سرکار نے پوری حریت قیادت کو نظربند کر رکھا ہے اور حریت قائدین پر جھوٹے الزامات لگا کر گرفتاریوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ کشمیری آج یک زبان ہوکر آزادی کے نعرے لگارہے ہیں لیکن افسوس کہ پاکستانی حکمرانوں کی جانب سے ان کی مدد کیلئے وہ کردار ادا نہیں کیا جارہا جو انہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اوراس کے بغیر یہ ملک نامکمل ہے۔