زرداری، عمران، قادری اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے، سینٹ الیکشن بلڈوز کرنیکا ٹاسک دیا گیا: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ زرداری، عمران او ر قادری اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے ہیںانہیں سینٹ الیکشن بلڈوز کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، مگر انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ عوام ان کی عیاریاں مکاریاں اور چالاکیاں سب جانتے ہیں۔ اب محلاتی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ اینٹ سے اینٹ بجانے والے دھمالیں ڈال رہے ہیں، لگتا ہے انہوں نے رجوع فرمالیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں زم زم فری ڈسپنسری کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ نوازشریف کو آئوٹ کرنے کے بعد سینٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کو روکنا اب اگلا ہدف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نجفی کمیشن رپورٹ یکطرفہ بھی ہو سکتی ہے اور متعصبانہ بھی، لہذا اس کی بنیاد پر کسی ایک یا دو اشخاص کو کیسے ذمہ دار قراردیا جاسکتا ہے اس پرقانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ جمہوریت میں احتجاج، جلسہ اور جلوس ہوتا ہے مگر سیاست میں جسکی لاٹھی اسکی بھینس نہیں ہوتی، جمہوری آزادیوں کا ناجائز استعمال ملک کو فرقہ وارانہ جنگ کی طرف لے کر جارہا ہے۔ سیاست میں عدم برداشت جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔ حکومت گراتے گراتے جمہوریت کو ہی نہ گرا لیں۔ الیکشن سے پہلے ہی جوڑ توڑ شروع ہو چکا ہے۔ سیاست میں اختلافات اچنبھے کی بات نہیں، یک دوسرے کو برداشت نہ کرنا تحمل و برد باری کا فقدان ہے مگر سب کی بقاء جمہوریت کی کار فرمائی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے کوئی توسیع پسندانہ عزائم نہیں۔ ایران دوسرے ممالک میں مداخلت اور شدت پسند گروہوں کی سرپرستی چھوڑے پھرسعودی عرب سے اسکے تعلقات بحال ہوسکتے ہیں۔ اس موقع پر مولانا عبدالباسط شیخوپوری، حافظ بابر فاروق رحیمی، ڈاکٹر ظہیر اقبال ودیگر بھی موجود تھے۔