پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے: حمزہ شہباز

پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز گزشتہ روز سروسز ہسپتال گئے جہاں انہوں نے سانحہ داروغہ والا کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر پرویز ملک ایم این اے، خواجہ عمران نذیر، سید توصیف شاہ اور ضلعی حکام بھی موجود تھے۔ میاں حمزہ شہباز نے زخمیوں کے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہرممکن ادویات اور علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ آئی این پی کے مطابق عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنیوالوں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے قانون ضرور حرکت میں آئیگا۔ عمران خان اور طاہر القادری کے غیرآئینی مطالبات منظور نہیں ہوسکتے ‘حکومت کمزور نہیں بلکہ تحمل کا مظاہر ہ کر رہی ہے۔ دھرنیوالوں نے تماشا لگا رکھا ہے اور حکو متی مذاکرات کی کوشش کے باوجود وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے آئی ڈی پیز کی مدد کی بجائے ایک ماہ سے میوزیکل شو میں شریک ہیں۔ عمران خان اور طاہر القادری قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں اور انکے دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہو نا پاکستان کی تر قی اور خوشخالی کیخلاف سازش ہے۔ بدقسمتی سے کالاباغ ڈیم سیاست کی نظر ہو چکا ہے ہم دیامر بھاشا سمیت دیگر ڈیمز بنا کر سستی بجلی اور پانی کو ذخیرہ کریں گے۔ 2011ء میں آنیوالے سیلاب کے بارے میں کمشن کی رپورٹ پر ضرور عمل ہونا چاہئے‘ پنجاب حکو مت سیلاب سے متاثر ہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیگی بلکہ انکی بھرپور مدد کی جائیگی‘ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ لاشوں کی سیاست کر نیوالوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے اور پارلیمنٹ کی گیارہ جماعتوں نے حکومت اور جمہوریت کا ساتھ دیا ہے، وہ وقت ضرور آئیگا جب ملک کو ان دھر نوں اور بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔ طاہر القادری اور عمران خان قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور انکے تمام منصوبے ناکام ہوچکے ہیں اور ضرور ملک کو ایسے لوگوں سے نجات ملے گی۔