وزیراعلیٰ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کی جھلکیاں

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کشتی کے ذریعے کھانے کا سامان اور پانی لے کر تحصیل بھوانہ کے دور دراز دیہات حویلی مبارک شاہ پہنچے تو ایسا لگا کہ وہاں کے لوگوں کو کافی دیر کے بعد کھانا ملا ہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں ٭مقامی گائیڈ جو سہ پہر 4 بجے تک وزیراعلیٰ کے ساتھ رہا، نے وزیراعلیٰ سے پوچھا کہ آپ نے کھانا نہیں کھایا اور اس نے وزیراعلیٰ کو کھانے کی پیشکش کی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو کھانا پہنچا دیا ہے یہی کافی ہے ٭بھوانہ میں ایم پی اے نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ میرا فون کھو گیا ہے اس لئے رپورٹ پیش نہیں کر سکا جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ بوسکی کا قیمتی سوٹ پہن سکتے ہیں، موبائل فون نہیں خرید سکتے۔ ٭وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مسلسل ساتویں روز بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کے 12 گھنٹے طویل دورے کئے ٭وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیصل آباد تک ایک گھنٹے کے سفر میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین میں امدادی اشیاء اور خوراک تقسیم کیں ٭وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر نے ایک گھنٹہ تک سیلاب کے پانیوں میں گھرے علاقوں میں نچلی پرواز کی اور ایک مقام پر کچی زمین دیکھ کر ہیلی کاپٹر کو اتار لیا ٭وزیراعلیٰ نے سیلاب میں گھرے دو بچوں کو اپنی کشتی میں بٹھا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔