وزیراعلیٰ فوٹو سیشن میں مصروف، ذخیرہ اندوز عوام کو لوٹ رہے ہیں: محمودالرشید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اصل اپوزیشن عمران خان اور تحریک انصاف ہے، ہم اسمبلیوں کے اندر ہوں یا باہر حکومت کی بیڈ گورننس اور غریب دشمن کردار کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پوری انتظامی مشینری کے ہمراہ فوٹو سیشن میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف ذخیرہ اندوز سیلاب کی آڑ میں پھل، گوشت، سبزیوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ایک ہفتے میں پھل، سبزیاں 40 فیصد تک مہنگی ہوگئیں اور حکومتی صفوں میں موجود بااثر مافیا نے آئندہ چند دنوں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کی منصوبہ بندی کرلی ہے، اگر ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کریک ڈائون نہ ہوا تو غریب روٹی کے نوالے کو بھی ترسے گا۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلیک منی والا ذخیرہ اندوز مافیا سیلاب کو جواز بنا کر اشیائے خورونوش مارکیٹ سے غائب کررہا ہے۔ ہم حکمرانوں کو پیشگی خبردار کر رہے ہیں کہ اگر حکومت اور اسکے ذیلی اداروں نے صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا تو اشیائے خورونوش مارکیٹ سے غائب ہونے کے ساتھ ساتھ انکی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا۔ حکومت مسلسل 6سال سے اقتدار میں ہے مگر مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے کوئی میکانزم نہیں دے سکی جس کی وجہ سے ناجائز منافع خور پنجاب کو اپنے لئے جنت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008 سے لیکر تاحال حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے، 2008ء میں جو دودھ 35 روپے کلو بکتا تھا وہ آج 80 سے 90 روپے کلو بک رہا ہے۔