فلڈ کمشن کی سفارشات پر عمل نہ کرنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس منصور شاہ فلڈ کمشن کی رپورٹ پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 2010 میں سیلاب کے بعد ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے کمشن نے رپورٹ مرتب کرکے سفارشات تیار کیں جس میں کہا گیا تھا کہ اس وقت سیکرٹری آبپاشی  سمیت دیگر افسروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ آئندہ سیلاب کو روکنے کے لیے مختلف مقامات پر بند اور پشتے بنائے جائیں لیکن پنجاب حکومت نے کمشن کی ایک سفارش پر عمل نہیں کیا بلکہ جن افسروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ان کو ترقی دے دی گئی۔ حکومت نے ایک ریویو کمیٹی قائم کر دی جس نے قرار دیا کہ کمشن کی سفارشات اس لئے قابل عمل نہیں کیونکہ کمشن کو غلط معلومات فراہم کی گئیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ رپورٹ پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے پنجاب حکومت اور سیکرٹری آبپاشی سے پندرہ روز میں جواب طلب کر لیا۔