خونی انقلاب سے بچنے کیلئے ظلم کا نظام ختم کرنا ہو گا: حامد رضا

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ خونی انقلاب سے بچنے کے لیے ظلم کا نظام ختم کرنا ہو گا۔ شریف برادران کو اپنا متکبرانہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا پڑے گا، سپریم کورٹ پر حملے کے وقت جاوید ہاشمی نواز شریف کے وزیر صحت تھے اس وقت جاوید ہاشمی نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا، نواز شریف کے ارد گرد جنرل مشرف کے وزیر بیٹھے ہوئے ہیں، جمہوریت کی آڑ میں دفاعی اداروں پر تنقید سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 18 کروڑ عوام کو مٹھی بھر اشرافیہ نے غلام بنا رکھا ہے۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے راہنمائوں صاحبزادہ حامد رضا، طارق محبوب، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا وزیرالقادری، صاحبزادہ مطلوب رضا، مفتی محمد سعید رضوی نے کہا ہے کہ نیوی ڈاکیارڑ پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے۔