’’سرجیکل ٹاور میوہسپتال کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ‘‘

لاہور (خصوصی رپورٹر) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ میو ہسپتال کے زیر تعمیر سرجیکل ٹاور کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے یہ بات میو ہسپتال کے زیر تکمیل سرجیکل ٹاور کی عمارت کے معائنہ کے بعد ہسپتال کے ڈاکٹرز کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹرزاہد پرویز،سرجیکل ٹاور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر صداقت علی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد شہزاد،ڈاکٹر سلمان کاظمی اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پروفیسر صداقت علی نے بتایا کہ پی سی ون میں تبدیلیوں اور مزید ایڈیشن کی وجہ سے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے تاہم کوشش کی جارہی ہے کہ رواں سال مالی سال کے اختتام تک ٹاور کے دو فلور آئوٹ ڈور اور ریڈیالوجی کو فنکشنل کر دیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ سرجیکل ٹاور کی عمارت مکمل ہو چکی ہے،فنشنگ اور دیگر سول ورک ہونا باقی ہے۔