پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پولیس کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرے گا: ڈاکٹر عمر سیف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے جس پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ انونٹری مینجمنٹ سسٹم کے نام سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سال رواں کے آخری تک مکمل کرے گا اور اس کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت پولیس کی تمام گاڑیوں اور انکی مرمت، پٹرول، اسلحہ، آلات، کمپیوٹر، فرنیچر، یونیفارم، کھانا اور دیگر تمام اخراجات کا ریکارڈ کمپیوٹر میں منتقل کر دیا جائے گا جس سے ان کے غیرقانونی وغیرسرکاری استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں پولیس کے عملے کی تقرری اور تبادلوں کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا جس سے کسی بھی اہلکار یا افسر کی دوران ڈیوٹی مؤثر مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔