ناقص پالیسیوں کے باعث چاول، گنے اور آلو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہوا:منظور وٹو

ناقص پالیسیوں کے باعث چاول، گنے اور آلو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہوا:منظور وٹو

لاہور(خبر نگار)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے حکومت پنجاب کو متنبہ کیا کہ ہے کہ اگر اس نے آنیوالی گندم کی فصل کی آخری دانے تک خریداری نہ کی تو پھر سارا پنجاب حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے آج وہاڑی میںجنوبی پنجاب کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب سے جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکی وجہ سے چاول، گنے اور آلو کے کاشتکاروں کا معاشی قتل ہوا ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے گندم کی سپورٹ پرائس 625 روپے سے بڑھا کر 950 روپے کر دی جس سے اُسی سال پاکستان نہ صرف گندم میں خود کفیل ہوا بلکہ گندم ایکسپورٹ کرنیوالا ملک بن گیا۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخد وم احمد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہریونین کونسلز کو اس سال اپریل تک ایک ہزار ممبر بنانے کا ٹاسک دیا ہے اور جو یونین کونسل کے عہدیدار اس میں ناکام ہو جائیں گے ان کو وہا ں سے فارغ کر دیا جائے گا۔