شہباز شریف کی جانب سے شاکر شجاع آباد ی کیلئے ڈیڑھ لاکھ کا امدادی چیک پیش، میڈیکل بورڈ تشکیل، وزیراعلیٰ نے علاج اپنے ذمہ لیا ہے: زعیم قادری

شہباز شریف کی جانب سے شاکر شجاع آباد ی کیلئے ڈیڑھ لاکھ کا امدادی چیک پیش، میڈیکل بورڈ تشکیل، وزیراعلیٰ نے علاج اپنے ذمہ لیا ہے: زعیم قادری

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم حسین قادری نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی طرف سے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک پیش کیا۔ زعیم قادری نے شاکرشجاع آبادی کی عیادت کی اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور گلدستہ پیش کیا۔ زعیم قادری نے اس موقع پر کہا کہ شاکرشجاع آبادی قوم کا سرمایہ ہیں۔ ان کی مالی اعانت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کی تمام تر ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب نے خود اپنے ذمے لی ہے۔ شاکر شجاع آبادی نے قوت گویائی کی سکت نہ ہونے کی وجہ سے زعیم حسین قادری سے لکھ کر بات چیت کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی ہدایت پر نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ جنرل ہسپتال میں زیرعلاج معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کے لئے سپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس بورڈ کے چیئرمین پرنسپل پوسٹ گریجوایت میڈیکل انسٹیٹیوٹ/لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ ہوں گے۔