خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی پر ارکان اسمبلی کا شہباز شریف کو خراج تحسین

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران منتخب نمائندوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے سے بلاشبہ ملک کی ترقی کا عمل تیز تر ہوگا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی حکومت نے خواتین کے حقوق کی جانب توجہ دی۔ ضروری قانون سازی کرکے خواتین کا جائیداد میں حصہ یقینی بنانا، تشدد کی روک تھام، روزگار کی فراہمی کیلئے ملازمتوں میں 15 فیصد کوٹہ اور دیگر اقدامات کرکے عورت کی معاشرے میں اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔