حکومت نے ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمشن کو غیرقانونی قرار دلوانے کا منفی کھیل شروع کر رکھا ہے: خرم نواز گنڈا پور

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کو غیر قانونی قرار دلوانے کا منفی کھیل شروع کررکھا ہے۔ پنجاب حکومت دہشت گردوں کی پروموٹر ہے۔ چہیتے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی کو نہیں مانتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام’’ دہشت گردی کے خاتمہ میں علماء کا کردار‘‘ کے عنوان سے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار سے سید فرحت حسین شاہ، علامہ امداد اللہ قادری، مفتی محمد ارشد قادری، پیر طاہر سجاد زنجانی، علامہ امیر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد نے خطاب کیا۔