پنجاب کے 10 ہزار سے زائد سکول ناگفتہ بہ حالت میں ہیں: منظور وٹو

لاہور (خبر نگار) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے قوم کے 85 ارب روپے جنگلہ بس پر خرچ کر دیئے ہیں جبکہ پنجاب کے 10 ہزار سکولوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ ملک میں جاری لاقانونیت اور دہشت گردی پر تعلیم کے ذریعے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔ میرے دور اقتدار میں بنائے گئے چائلڈ لیبر ایکٹ پر پنجاب حکومت عملدرآمد نہیں کر رہی۔ چند لوگوں کے بچوں کو نوازنے کیلئے دانش سکول پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ پنجاب کے 10 ہزار سے زائد سکولوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ علاوہ ازیں  پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب بہت جلد اپنی ویب سائٹ کا افتتاح کر رہی ہے تاکہ اس کی پالیسیاں اور اس کے قائدین کی سیاسی سوچ کو میڈیا اور عام لوگوں تک فوری پہنچانے کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ پارٹی سیکرٹریٹ میں سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔