ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد عمران کی غلط فہمی دور ہوجانی چاہئے: رانا ثناء

ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد عمران کی غلط فہمی دور ہوجانی چاہئے: رانا ثناء

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے عمران خان کب تک دھاندلی کا شور مچاتے رہیں گے؟ ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد ان کی غلط فہمی دور ہوجانی چاہیے عوام ان الزامات کواب مذاق سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے، عوام نے نہ صرف عام انتخابات بلکہ ضمنی انتخابات میں بھی ان کی پارٹی کو مسترد کیا ہے۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا عوام عمران خان کے دھاندلی واویلا سے تنگ آچکے ہیں وہ ان کے پراپیگنڈے کی حقیقت سے بخوبی واقف ہیں اور کبھی ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ رانا ثناء نے کہا تحریک انصاف کے رہنما دوسروں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے خیبر پی کے میں اپنی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ دوسروں پر تنقید سے پہلے وہ یہ بتائیں انہوں نے خیبر پی کے میں عوام کی ترقی کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں؟ رانا ثناء نے مزید کہا سیاست میں منفی رویہ عمران خان کی پہچان بن چکا ہے اور عوام نے عمران خان کے دھاندلی کے الزامات پرکان دھرنا چھوڑ دیئے ہیں۔ عمران عام انتخابات میں شکست کے بعد اپنے آپ کو سیاست میں زندہ رکھنے کے لئے الزام تراشی کرتے رہتے ہیں لیکن باشعور عوام کبھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔